بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے سب ضلع چاڈورہ کے وتھورا علاقے میں اتوار کی دوپہر بعد نالہ دودھ گنگا سے ایک خاتون کی لاش برآمد کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ واتھورا کھیل کے میدان کے قریب مقامی لوگوں کو دودھ گنگا نالے میں ایک خاتون کی لاش دکھائی دی، بعد ازاں لوگوں نے اس لاش کے بارے میں نزدیکی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی۔
مقامی لوگوں نے متوفی خاتون کی شناخت جمیلہ کے نام سے کی ہے جو کہ قریب کے گاؤں بچھرو کے حاجی احمد وگے کی بیوی ہے جو مبینہ طور پر نالہ شالی گنگا پر قائم عارضی پل کو عبور کرتے ہوئے پھسل گئی جب وہ کھیتوں میں جا رہی تھی۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر اپنی ایک ٹیم کو روانہ کیا جس نے لاش کو موقعے سے برآمد کر لیا جب کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ وہیں خاتون کی موت کی خبر پھیلتے ہی بچھرو گاؤں میں واقع اس گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ اس اچانک موت سے لواحقین صدمے میں ہیں۔ مقامی لوگ بھی تعزیت کے لیے متوفیہ کے گھر پر جمع ہوگئے۔
یہاں یہ بات واضح رہے کہ ضلع بڈگام کے اکثر دیہات میں ابھی بھی بیشتر ندی نالوں پے لکڑی یا کچے پل بنے ہوئے ہیں جو بارش یا برف باری کے دوران حادثات کی وجہ بن جاتے ہیں۔ پچھلے چند دنوں میں یہ دوسری اموات ہے۔