سر ینگر19مارچ:
جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پیرکویہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سالانہ امرناتھ یاترا2023کی تیاریوں اورضروری انتظامات کاجائزہ لیا۔انہوںنے تمام متعلقہ محکموں اورایجنسیوں کے مابین مکمل اورقریبی تال میل پرزوردیتے ہوئے ہدایت دی کہ یاتریوں کیلئے ہرنوعیت کی سہولیات کا پختہ وتسلی بخش انتظام کیاجائے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے شری امرناتھ جی یاترا کے لئے محکموں اور متعلقہ ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے پیرکویہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جل شکتی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ایس شالین کابرا ، سی ای او، شری امرناتھ جی شرائن بورڈ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری،فوج کی 15ویںکورکے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری، ایس اے ایس بی، بی آر اؤ کے سینئر افسران اور ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کرنے والی ایجنسیوںکے نمائندؤںنے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بی آر اؤ کے ذریعے یاترا ٹریکوںیا راستوں کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا،جن میں تمام کمزور حصوں پر حفاظتی ریلنگ کی تنصیب، برف کی صفائی، آرمی ٹینٹ کی تنصیب اور ٹیلی کمیونیکیشن کنیکٹیویٹی کو مضبوط کرناشامل ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو ہدایت دی کہ نیٹ ورک روابط کو بڑھایا جائے اور یاترا کے راستے میں بینڈوتھ کو بڑھایا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے ذریعہ کئے گئے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کے آغاز سے قبل تمام متعلقہ کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اعلیٰ وسائل کو متحرک کرنے اور افرادی قوت بڑھانے کی ہدایت کی۔میٹنگ میں سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر راگھو لینگر، ڈپٹی کمشنر، اننت ناگ شیخ سید فخر الدین حامد، ڈپٹی کمشنر گاندربل ایس ایچ شیامبیر اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔