سرینگر: جموں و کشمیر میں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقعے پر منعقد ہونے والے پروگراموں میں لوگوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں یوگا پروگرام کا افتتاح کیا۔ جموں میں منعقد پروگرام میں مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے تمام لوگوں سے یوگا کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر فوجیوں اور ضلع ہیڈ کوارٹر میں یوگا سے متعلق مختلف پروگرامز منعقد کیے گیے۔ دوسری جانب ضلع پونچھ میں یوگا کے عالمی دن کے موقع پر راجیہ سبھا کے رکن غلام علی کھٹانہ کی قیادت میں طلباء، اساتذہ اور دیگر نے یوگا کیا۔
اس موقعے پر ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ لوگوں کو9ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جسم اور دماغ کو ایک ساتھ حرکت میں لانے کا بہترین اور واحد طریقہ یوگا ہے۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ یوگا کو اپنا حصہ بنائیں۔ تناؤ سے پاک اور صحت مند زندگی کے لیے روزانہ کا معمول بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عظیم بابا مہارشی پتنجلی نے مشاہدہ کیا ہے کہ ہمارے جسم کے دماغ میں خرابی، بے چینی، جسم میں سوزش اور دل کی بیماریوں کی بنیادی وجہ تناؤہے۔ یوگا ہمارے جسم اور دماغ کے درمیان ہم آہنگی لاتا ہے اور تناؤ کو کم کرتا ہے۔
