سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج آئی آئی ایم روہتک کی طرف سے جموںوکشمیر پولی تکنیک کی طالبات کے لئے منعقد کئے گئے ماہانہ اِنٹرن شپ پروگرام کے اِختتامی سیشن سے خطاب کیا۔اِنٹرن شپ پروگرام کااِنعقاد سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر اور آئی آئی ایم روہتک نے مشترکہ طور پر کیا تھا جس میں سری نگر او رجموں کے گورنمنٹ پولی تکنیک کالجوں کی 94طالبات نے 21؍ مئی سے 21 ؍ جون 2023ء تک حصہ لیا،
مشیر موصوف نے شرکأ اور منتظمین سے عملی طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس اہم تربیتی پروگرام کا مقصد طالبات کے درمیان اِنوویشن ، انکیوبیشن او راَنٹرپرینیور شپ کے خیال کو اُبھارنا تھا جو کسی بھی ترقی پذیر معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،’’ جموںوکشمیر ایک نئی صبح ، اَمن ، ترقی کا مشاہدہ کر رہاہے اور خواتین کو اِس صبح میں قائدانہ کردار اَداکرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر میں موجودہ لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی اِنتظامیہ خواتین کو بااِختیار بنار ہی ہے اور حکومت نے جموںوکشمیر کی خواتین کی ترقی کے لئے تیجسوینی ، حوصلہ ، اُمید او ردیگر جیسے کئی اَقدامات شروع کئے ہیں۔
مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِنٹرن شپ پروگرام کے مختلف پہلوئوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کورس کے بارے میں اَپنی رائے دیتے ہوئے اِن با صلاحیت نوجوان خواتین کی طرف سے نمایاں پیش رفت ، حوصلہ اَفزائی اور اعتماد کا مشاہدہ کرنا خوشی کی بات ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس تربیتی پروگرام میں سیکھی گئی مہارت اور کاروباری ذہانت اِن لڑکیوں کی کاروباری سفر کو آگے بڑھانے میں مدد کرے گی۔
اِختتامی سیشن کے دوران کئی شرکأ نے اِس اِنٹرن شپ پروگرام کے بارے میں اَپنے تجربات بھی شیئر کئے۔
یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ایک ماہ طویل اِنٹرن شپ ٹریننگ ماڈیول کے دوران شُرکأ کو اِنٹرپرینیور شپ کے مختلف پہلوئوں جیسے اَنٹرپرینیورشپ او ربزنس مینجمنٹ کا تعارف ، مواقع کی تشخیص ، مارکیٹوں کی شناخت ، ضروریات اور منصوبہ بندی ، آئیڈیا کی پچنگ ، ٹیسٹنگ اور پروٹوٹا ئپنگ ، بزنس رجسٹریشن اور ہندستانی کاروباری قوانین کو سمجھنا شامل ہیں۔
پروگرام کے شُرکأ کو آئی آئی ایم فیکلٹی ، مختلف کاروباری شعبوں کے مہمان مقررین کے ساتھ اِستفساری گفتگو کرنے کے علاوہ کاروباری سائٹس کا دورہ کرنے اور مختلف کاروباروں کے کام کے بارے میں علم حاصل کرنے کا موقعہ بھی دیا گیا ۔
مزید برآں، ہر شریک کو ایک سٹارٹ اَپ پروجیکٹ جمع کرنے کا موقعہ بھی دیا جائے گا او رآئی آئی ایم فیکلٹی سے منتخب کئے جانے والے بہترین پروجیکٹ کے لئے اِنسٹی چیوٹ کی طرف سے مکمل طو رپر فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
