جموں/ کشتواڑ//23 جون:
لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے آج کشتواڑ میں ڈیجیٹل مووِی تھیٹر کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کشتواڑ کے لوگوں ، ضلع اِنتظامیہ اور تمام شراکت داروں کو ضلع میں فلم کلچر کی واپسی پر مبارک باد دی ۔
اُنہوں نے کہا،’’ جموںوکشمیر اَمرت کال میں اَمن او رترقی کی راہ پر گامزن ہے اور کشتواڑ میں تقریباً تین دہائیوں کے بعد فلم تھیٹر کا آغاز اسپریشنل سوسائٹی کی علامت ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ فن اور تخلیق تمام حدوں کو عبور کرتے ہیں اور لوگوں کو قریب لاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سنیما صرف تفریح کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ ثقافت ، معاشرے اور ہمارے اِرد گرد رونماہونے والی تبدیلیوں کا ایک اَٹوٹ حصہ بھی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کشتواڑ میں فلمی سیاحت کے لئے بے پناہ اِمکانات ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے لئے یہ فلم تھیٹر اور انفور ٹینمنٹ سینٹر مقامی ٹیلنٹ کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے ایک اہم قدم ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے فلم اِنڈسٹری کے ساتھ جموںوکشمیر کے تعلقات کو بحال کرنے کی کوششوں کا اشتراک کیا ۔ فلم پالیسی جیسے اہم اَقدامات ، اَضلاع میں سنیما ہال کھولنے سے جموںوکشمیر یوٹی میں ایک متحرک فلمی ماحولیاتی نظام تشکیل دیا ہے۔ آج جموں وکشمیر فلم سازوں کے لئے سب سے پسندیدہ مقام بن گیا ہ اور گذشتہ برس زائداَز 300 فلمیں اور ویب سیریز فلمائی گئی تھیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ مقامی نوجوانوں کو بھی بڑے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جولائی ماہ میں مزید تین سنیما ہال کھولے جائیں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سنیما ہال نوجوانوں کے لئے معلومات اور خیالات کے تبادلے کا مرکز بھی بنیں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ترقی پرسند اور جامع جموںوکشمیر کی ترقی میں نوجوانوں کی خواہش ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کی مجموعی ترقی اور ترقی کے لئے تمام وسائل فراہم کرنے کے لئے پوری طرح پُر عزم ہیں۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری اَمرناتھ جی یاترا کے کامیاب اِنعقاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ اَدا کریں اور اسے جی۔20 سربراہی اِجلاس کی طرح کامیاب بنائیں۔
ٹی آر سی کشتواڑ میں اختراعی ایڈو۔انفوٹینمنٹ ڈیجیٹل مووِی تھیٹر ضلع اِنتظامیہ کشتواڑ ، کشتواڑ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور پکچر ٹائم کی مشترکہ کوشش ہے تاکہ عوامی مطالبات کو پورا کیا جاسکے اور لوگوں کو تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اِفتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنرکے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کما ربھنڈاری ، ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ دیونش یادو، سینئر اَفسران ، مختلف شراکت داروں ، نوجوانوں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔