سری نگر، 24 جون:
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں جاری جھلسانے والی گرمی سے لوگوں کو 26 جون سے راحت نصیب ہونے کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جاری گرمی کا زور 26 جون سے ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 25 جون کی شام سے 28 جون تک بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشوں کا امکان ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے جس سے لوگوں کو رات کے دوران بھی گرمی پریشان کرتی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت22.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے6.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت13.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت19.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت20.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت12.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت15.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔