بارہمولہ، 24 جون :
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں 2 خواتین سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے منشیات سے پاک سوپور آپریشن کو جاری رکھتے ہوئے مزید تین منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹین تارزو کی ایک ٹیم نے سنگرامہ چوک میں 2 خواتین سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت عبدالطیف گوجر ولد نور محمد گوجر ساکن گنڈو، پروین کوثر دختر میر حسین ساکن سدھرا بائی پاس جموں اور شبنم بیگم دختر محمد اکبر خان ساکن اکھر ونی وولترا رفیع آباد کے بطور کی۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ تینوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں دھر لیا گیا۔
بیان کے مطابق تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے ہیرائن جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔