سری نگر، 24 جون :
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتے کی صبح یہاں لالچوک میں واقع پرتاب پارک میں ‘بلیدان ستمب’ کا سنگ بنیاد رکھا۔موصوف وزیر داخلہ، جو جموں وکشمیر کے 2 روزہ دورے پر ہیں، نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ہفتے کی صبح شہر کلے مرکز لالچوک کا دورہ کیا اور پرتاب پارک میں ‘بلیدان ستمب’ کا سنگ بنیاد رکھا جو سیکورٹی فورسز کے بہادرانہ کارناموں اور قربانیوں کے اعزاز میں ایک علامتی ستون کے بطور تعمیر کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں ہفتے کی صبح امیت شاہ نے یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے بالتل کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی اور شام کو ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘سری نگر میں سیکورٹی کا جامع جائزہ لیا، سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ایجنسیوں کے کثیر الجہتی انداز اپنانے کو دیکھ کر خوشی ہوئی’۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر میں مسلسل امن اور استحکام وزیر اعظم نریندر مودی کے طے کردہ اہم اہداف میں سے ایک ہے’۔
مرکزی وزیر داخلہ جمعہ کے روز جموں پہنچے جہاں انہوں نے بھگوتی نگر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا اور کئی پرجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا۔
