سری نگر/ حکام نے شری امرناتھ جی یاتریوں کو یاترا پر جانے سے قبل متعین مقامات سے ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹی فکیشن ( آر ایف آئی ڈی) کارڈ حاصل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
یا تریوں سے کہا گیا ہے کہ اس مخصوص کارڈ کے بغیر کسی بھی یاتری کو یاترا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حکام کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا: ‘یاترا کے دوران تمام یاتریوں کے لئے شری امر ناتھ شرائن بورڈ کی طرف سے جاری کردہ آر ایف آئی ڈی کارڈ پہننا لازمی ہے’۔
بیان کے مطابق کسی بھی یاتری کو آر ایف آئی ڈی کارڈ کے بغیر یاتری علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔بتادیں کہ یہ مخصوص کارڈ آربیٹر ٹیکنالوجی کارڈ، ریڈیو فریکوئنسی سے لیس ہے اور یہ یاتریوں کے آدھار کارڈ سے منسلک ہے جو ٹریکنگ کے دوران راستہ کھو جانے پر بھی یاتری کو تلاش کرنے اور یاتریوں کی شناخت معلوم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ جموں وکشمیر نے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے لئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں جنہیں یہاں روزناموں میں جمعہ کے روز صفحہ اول پر شائع کیا گیا تھا۔
یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کا پہلا قافلہ جمعہ کی صبح سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 3488 یاتریوں پر مشتمل پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانوانہ کیا۔قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران اس بار متعدد ڈرونز کے ذریعے بھگوٹی نگر جموں سے لے کر پوترا گھپا ت تک چوبیس گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ڈرونز امر ناتھ یاتریوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھیں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو جانکاری فراہم کریں۔
جموں کے سرحدی علاقوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشتبہ شئی کے بارے میں وہ فوری طورپر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کریں۔