پہلگام: پہلگام کے نُن ون بیس کیمپ سے امرناتھ یاتریوں کا پہلا جتھا شیولنگ کے درشن کے لئے گھپا کی جانب روانہ ہوگیا۔ ہفتہ کی علی الصبح ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخرالدین حامد اور امرناتھ یاترا کے نوڈل افسر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے 1997 یاتریوں پر مشتمل پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس سے قبل جمعہ کے روز یاتریوں کو ایل جی منوج سنہا نے جھنڈی دکھا کر جموں سے یاتریوں کو روانہ کیا تھا۔ وادی میں پہنچنے کے بعد یاتریوں کو ضلع گاندربل کے بالتل اور پہلگام کے نُن ون بیس کیمپس میں ٹھہرایا گیا تھا۔ ہفتہ کی صبح یاتریوں کو ‘بابا برفانی’ کے درشن کے لیے روانہ کیا گیا، اس طرح سے آج سے با ضابطہ طور پر امرناتھ یاترا 2023 کا آغاز ہو گیا۔
امرناتھ یاترا کے پُر امن انعقاد کے لیے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے معقول انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی اور فوج کو شامل کیا گیا ہے۔ وہیں یاترا کی حفاظت کے لیے، سی آر پی ایف کی مزید 85 کمپنیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ ادھر انتظامیہ کی جانب سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کے لیے نیا ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے، جس میں یاترا کے دوران سول ٹریفک کی نقل و حمل کو محدود رکھا گیا ہے تاکہ یاتریوں کی بلا خلل آمدو رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاترا کے پیش نظر نو یوگا ٹنل قاضی گنڈ سے امرناتھ گھپا تک قبل ازوقت سکیورٹی کی تعیناتی کو عمل میں لایا گیا ہے۔ امرناتھ گپھا کے اطراف سی آر پی ایف کے بدلے آئی ٹی بی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ وہیں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جگہ جگہ پر بنکرس اور بیرکیٹس لگا دیے گئے ہیں اور یاتریوں کی سکیورٹی کے پیش نظر خاص طور پر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے اور شناختی کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں۔
شرائن بورڈ کی جانب سے پوری دنیا کے عقیدت مندوں کے لیے صبح اور شام کے اوقات گپھا سے خصوصی پوجا براہ راست نشر کی جائے گی۔ وہیں خصوصی ایپ کے ذریعہ یاتری موسم سے متعلق بر وقت جانکاری حاصل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس سمیت انشورنس سہولت بھی مہیا رکھی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 62 روز تک چلنے والی امرناتھ یاترا 31 اگست کو ختم ہوگی۔ سرکار کا دعوی ہے کہ رواں برس تقریبا 9 لاکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔