سرینگر /وادی کشمیر میں امسال بڑھتی سیاحتی سرگرمیوں کے بیچ جنوبی کشمیر میں واقع اہربل سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایک لاکھ سے زائد سیاحوں نے اہربل کا رخ کرکے وہاں کی سیر کی ۔ ادھر حکام کے مطابق اس سال اہربل میں سیاحوں کی تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے میں تین گناہ بڑھنے کی توقع ہے ۔
جنوبی ضلع کولگام میں واقع سیاحتی مقام اہربل اپنی گرجتی آبشاروں اور جادوئی پہاڑوں کیلئے مشہور ہے ان دنوں سیاحوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے کیونکہ گزشتہ چھ مہینوں میں تقریباً ایک لاکھ سیاحوں نے وہاں کا دورہ کیا ۔ اہربل کے آبشار سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان دنوں وہ سیاحوں کے توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ حکام کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس سال جنوری سے اب تک 97,309 سیاحوں جن میں سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی شامل ہیںنے اس جگہ کا دورہ کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری کے مہینے میں 2560، فروری کے مہینے میں 12,880، مارچ میں 4,620، اپریل میں 22,450، مئی میں 11,397 اور جون کے مہینے میں 43,402 سیاحوں نے اہربل کا دورہ کیا ۔ اعداد و شمار کے مطابق چھ ماہ کے دوران مقامی سیاحوں کی آمد بہت زیادہ رہی جبکہ کل 97,309 میں سے، مقامی لوگوں کی تعداد 80,121 تھی، ملکی سیاحوں کی تعداد 17,179 تھی اور غیر ملکیوں سیاحوں کی تعداد 09 تھی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کولگام، محکمہ سیاحت کشمیر، اہربل ڈیولپمنٹ اتھارٹی، فاریسٹ ڈویژن کولگام کی طرف سے گرمیوں، خزاں اور سرما کے کارنیوالوں، کھیلوں کی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے دو سال کی بڑے پیمانے پر مہم چلانے کے بعد بڑی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔خیال رہے کہ اہرہل کو ترقی دینے اور سیاحت کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کولگام، ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے گزشتہ دو سالوں سے فیسٹیول کے انعقاد کے ذریعے اس کے فروغ کیلئے خصوصی کوششیں کی ہیں جس سے پچھلے سال سیاحوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے اور توقع ہے کہ اس سال تین گنا ہ ہو گی ۔