چٹان ویب ڈیسک
امریکہ کی یوم آزادی سے قبل فلاڈیفیا، بالٹی مور اور فورٹ ورتھ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے تین واقعات میں دس افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ چار جولائی کو امریکہ کی یوم آزادی کی تعطیل کے موقعے پر فورٹ ورتھ میں ایک فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور آٹھ کو زخمی ہوئے۔
مقامی پولیس کے مطابق پیر کی شام کو فیلاڈیفیا میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ زخمی افراد میں دو اور 13 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔ مشتبہ شخص نے اے آر 15 سے لوگوں پر فائرنگ کی۔
بالٹی مور میں ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے تھے۔ زخمی افراد میں زیادہ تر بچے تھے۔
فائرنگ کے واقعات کے محرک کا تاحال تعین نہیں ہو سکا۔
امریکہ بڑے پیمانے پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات سے نمٹنے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔گن وائلنس آرکائیو کے مطابق 2023 میں 340 سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکی صدر نے فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ کی ’گن پالیسی‘ کو مزید سخت کریں گے۔
صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری قوم نے ایک مرتبہ پھر المناک واقعات کا سامنا کیا ہے۔انہوں نے ریپبلکن کے قانون سازوں سے مطالبہ کیا کہ آئیں اور بامعنی اصلاحات پر مذاکرات کریں۔