جموں، 8 جولائی:
جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں امسال بدھا امرناتھ یاترا 18 اگست سے شروع ہو کر 27 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امسال پونچھ کے تحصیل منڈی میں بدھا امر ناتھ یاترا 18 اگست سے شروع ہوگی جو 27 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 28 اگست کو چھری مبارک کو شری دشنامی اکھاڑہ پونچھ سے شری بدھا امرناتھ مندر منڈی پہنچایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس یاترا کے لئے جموں سے پہلے قافلے کی روانگی 18 اگست کو ہوگی جبکہ بھومی پوجن 17 اگست کو انجام دی جائے گی۔
دریں اثنا انتظامیہ یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
جہاں ایک طرف یاترا کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں وہیں یاتریوں کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے بھی اقدام کئے جا رہے ہیں۔
بتادیں کہ بابا بدھا امرناتھ کی عبادت گاہ جس کو ‘چٹانی بابا امرناتھ مندر’ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، پونچھ میں سطح سمندر سے 4 ہزار 6 سو میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ عبادت گاہ بھگوان شیو کے لئے وقف ہے۔