سری نگر،10 جولائی : موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی شری امرناتھ جی یاترا پیر کی صبح بالتل بیس کیمپ سے بھی بحال ہوگئی۔
بتادیں کہ ناساز موسمی حالات کے پیش نظر یاترا جمعہ کے روز معطل کر دی گئی تھی تاہم ننون پہلگام بیس کیمپ سے اتوار کی دوپہر سے ہی یاترا بحال ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بالتل بیس کیمپ سے پیر کی صبح یاترا بحال ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی ننون پہلگام بیس کیمپ سے اتوار کی دوپہر کو ہی یاترا بحال ہوئی تھی اور 6 ہزار 4 سو 91 یاتریوں پر مشتمل قافلے نے پوتر گھپا کا درشن کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یاتریوں کی سہولیت کے لئے چاپر سروس کو بھی بحال کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار تک کل 93 ہزار 9 سو 29 یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
62 دنوں تک محیط یہ سالانہ یاترا 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
جموں وکشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فیقد المثال انتظامات کئے ہیں۔
