سری نگر، 11 جولائی : وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل منگل کو مسلسل چوتھے روز بھی بند ہے۔تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز بھاری بارشوں کے نتیجے میں ٹنل 3 سے ٹنل 5 کے درمیان ایک حصہ ڈھہ گیا تھا جس کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی تھی۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ قومی شاہراہ ہنوز بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم مغل روڈ اور ایس ایس جی روڈ پر ٹریفک جاری ہے۔
قومی شاہراہ کے بند ہونے سے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
