سری نگر، 11جولائی:
سرحدی ضلع کپواڑہ کے پہرو گاوں میں چار روز قبل غرقآب ہوئی بارہ سالہ بچی کی لاش منگل کے روز برآمد کی گئی۔اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے جاگر پورہ گاؤں میں ہفتے کی دوپہر کو تین بچیاں پہرو ندی میں غرقآب ہوگئیں جن میں سے دو کو بچا لیا گیا جبکہ تیسری بچی کی بازیابی کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ تین بچیاں پہرو ندی میں اس وقت ڈوب گئیں جب پل پار کرنے کے دوران انہوںں نے ایک بچی کی دریا میں گری چپل کو نکالنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے ریسکیو آپریشن شروع کرکے دو بچیوں کو بچا لیا جبکہ تیسری کو پانی کے تیز بہاو نے بہا کر لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ پچھلے چار روز سے پہرو دریا میں فوج ، ایس ڈی آر ایف ، این ڈی آر ایف اور پولیس نے آپریشن جاری رکھا اور منگل کے روز تین کلومیٹر کی دوری پر بچی کی لاش باز یاب کی گئی۔جوں ہی بارہ سالہ بچی کی لاش اس کے آبائی گاوں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوکوبی کرنے لگیں اور بعد میں اس کو پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
