سری نگر، 13 جولائی : سی آر پی ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی) الوک اوساتھی کا کہنا ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیم فوجی دستے کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو بڑھانے کے لئے جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
موصوف ڈی آئی جی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کےدوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہم لوگوں کی خدمت کے لئے سال بھر چوبیس گھنٹے تعینات رہتے ہیں یاترا کے پیش نظر سی آر پی ایف جوانوں کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمارے جوان جدید آلات سے لیس ہیں اور جنوبی کشمیر کے علاقوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں’۔
یاترا کو کوئی خطرہ لاحق ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر الوک اوساتھی نے کہا: ‘یاترا کو کوئی مخصوص خطرہ لاحق نہیں ہے یاترا ہو یا نہ ہو لوگوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ہم سال بھر چوبیس گھنٹے اس پر لگے رہتے ہیں اور ہمارے جوان آرام نہیں کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم لوگوں کی خدمت کے لئے لگے ہوئے ہیں’۔
موصوف ڈی آئی جی نے کہا کہ ٹریفک بڑھ گیا ہے اور ہمارے جوان یاترا کانوائے کے بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک کو منظم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘مقامی لوگ ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کر رہے ہیں اور یاتریوں کو پانی فراہم کر رہے ہیں’۔
