سری نگر/13 ؍جولائی:
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بدھ وار کوشام دیر گئے سری نگر شہر کا دورہ کیا تاکہ سری نگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ کے تحت جاری کاموں کی ڈبل شفٹ کا جائزہ لیا جاسکے۔
اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقیات محکمہ ، صوبائی کمشنر کشمیر او رسی اِی او سمارٹ سٹی سری نگر بھی تھے۔
دورے کے آغاز زیر تعمیر روایتی سوق مارکیٹ اور کرافٹ سینٹر سے ہوا۔ اس کے بعد بٹہ مالو کے سول لائنز ایئریا ، گھنٹہ گھر اور ایم اے روڈ پر کھیل میدان کا دورہ کیا۔چیف سیکرٹری کوجانکاری دی گئی کہ سوق مارکیٹ پروجیکٹ کا مقصد اَپنے ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید اِنفراسٹرکچر اور سہولیات کو مربوط کر کے روایتی دستکاری کو بحال کرنا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جاری کام اِس بات کو یقینی بنائے کہ ڈیزائن ایک متحرک اور پُر کشش بازار بنانے کے ویژن کے مطابق ہو۔
ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شہر کے بنیاد ی ڈھانچے میں سمارٹ عناصر کو شامل کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات جیسا انٹلی جنٹ لائٹنگ سسٹم ، ویسٹ مینجمنٹ سہولیات اور ڈیجیٹل کنکٹویٹی کا بھی جائزہ لیا تاکہ خریداری کے مجموعی تجربے کو بڑھایا اور شہر میں دیر پا طریقوں کو فروغ دیا جاسکے۔
اُنہوں نے بٹہ مالو کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں شہری ترقی کے مختلف کاموں کا معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے ان اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جن کا مقصد شہری عبور ومرور جیسے انٹلی جنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم کی ترقی اور پیدل چلنے والوں کے لئے اِنفراسٹرکچر بشمول سمارٹ پبلک ٹرانسپورٹیشن سسٹم ، جی پی ایس سے چلنے والی بسیں،ڈیجیٹل ٹکٹنگ کی خدمات اور بروقت مسافروں کی معلومات کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
مزید برآں ، چیف سیکرٹری نے سائیکلنگ ٹریکس کی تعمیر ،بھیڑ کو کم کرنے اور علاقے میں ٹرانسپورٹیشن کے مجموعی نیٹ ورک کو بڑھانے کے لئے سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سلو شنز کے اِنضمام کا جائزہ لیا۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے گھنٹہ گھر کے تاریخی مقام کا دورہ کیا ۔ اُنہوں نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے حصے کے طور پر جاری بحالی او رتحفظ کی کوششوں کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ علاقے کے روایتی فن تعمیر اور ورثے کو جدید سہولیات سے سمارٹ سلوشنز کے ساتھ شامل کیا جانا چاہییے۔
اُنہوں نے ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جس میں پرانی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور گھنٹہ گھر کی اس تاریخی یاد گار کے اِرد گرد عوامی مقامات کی خوبصورتی شامل ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ کوششوں کا مقصد علاقے کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھنا، سیاحت کو راغب کرنا اور شہری کے مرکز اور اس کے آس پاس کے رہائشیوں اور سیاحوں کے لئے بصری طور پر پُر کشش ماحول پیدا کرنا ہے۔
اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ سری نگر کو ایک سمارٹ اور دیر پا شہر میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت کا عزم واضح ہے۔
