سری نگر،16جولائی:
سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ایس ایس پی کولگام اور سی آر پی ایف آفیسران کے ہمراہ سری نگر جموں قومی شاہراہ اور نویوگ ٹنل کی سیکورٹی کا بچشم جائزہ لیا۔
اس موقع پر وجے کمار نے ایس ایس پی کولگام کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہ کے اردگر دعلاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لائی جائے۔اے ڈی جی پی نے قومی شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ یاترا گاڑیوں کو فرااہم کی جارہی سیکورٹی کا بھی ذاتی طورپر معائنہ کیا۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سری نگر قومی شاہراہ پر حساس مقامات پر مزید نفری تعینات کی جائے۔
اے ڈی جی پی نے سری نگر جموں شاہراہ پر تعینات سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ایس او پیز پر من وعن عمل کریں۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ پر مزید چوکس رہنے کی ضرورت ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ یاتریوں کی حفاظت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتنہ نہ کیا جائے۔وجے کمار نے جوانوں سے کہاکہ سیکورٹی چیلنجوں سے بہتر طریقے سے نمٹنے اور قومی شاہراہ پر یاتریوں کی حفاظت اور ہموار نقل وحمل کو یقینی بنانے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔اے ڈی جی پی نے کہاکہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر عام لوگو کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے اس کی اور خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق یاتریوں اور مقامی لوگوں کو سہولیت بہم رکھنے کی خاطر بھی سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنے آپ کو وقف رکھیں۔قومی شاہراہ پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اے ڈی جی پی نے 163بٹالین سی آ ر پی ایف ہیڈ کواٹر میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے سینئر آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس دوران دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقعات کو روکنے کے لئے نئی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا ۔
میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی نے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی۔وجے کمار نے ایس ایس پی کولگام کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہ کے دونوں اطراف محاصرے اور تلاشی کارروائیوں میں شدت لانے کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کو بھی بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
ا نہوں نے کہاکہ ہیومن انٹیلی جنس کو بروئے کار لانے سے ملک دشمن عناصرکے منصوبوں کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے قومی شاہراہ کے مقررہ راستوں پر موثر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
