سری نگر، 18جولائی:
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں غیر مقامی مزدوروں پر ہوئے حملے کے چند روز بعد منگل کو جموں وکشمیر پولیس نے ایس ایچ او کو منسلک کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انکوائری التوا میں ہونے پر ایس ایچ او شوپیاں غلام جیلانی بٹ کو رینج پولیس ہیڈ کوارٹر اننت ناگ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شوپیاں کے گاگرن گاوں میں 13جولائی 2023کو تین غیر مقامی مزدوروں پر حملے کے بعد پولیس اسٹیشن شوپیاں میں تعینات ایس ایچ او انسپکٹر غلام جیلانی بٹ کو پولیس ہیڈ کواٹر اننت ناگ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رائیس احمد بٹ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ کے مطا بق گاگرن شوپیاں میں 13جولائی کی شام کو ملی ٹینٹ حملے میں تین غیر مقامی مزدور زخمی ہوئے جس کے بعد ایس ایچ او پولیس اسٹیشن شوپیاں انسپکٹر غلام جیلانی بٹ کو فی الحال پولیس ہیڈ کواٹر اننت ناگ کے ساتھ اٹیچ کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ 13جولائی کی شام کو گاگرن شوپیاں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جن کی بعد میں شناخت انمول کمار، پنٹو کمار ٹھاکر اور ہیرالال یادو ساکنان بہار کے بطور ہوئی ۔
واضح رہے کہ 26فروری کو اچھن پلوامہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے کشمیری پنڈت سیکورٹی گارڈ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
تین ماہ کے بعد یعنی 29مئی کو جنگلات منڈی اننت ناگ میں سرکس میں کام کرنے والے مزدور پر بھی فائرنگ کی گئی اور بعد ازاں ہسپتال میں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔