سری نگر، 19 جولائی :
کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) نے بارہمولہ سنٹرل کواپریٹیو بینک کے دو عہدیداروں کے خلاف مبینہ طور پر عوامی رقم کا غلط استعمال اور غبن کرنے کے معاملے میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
سی بی کے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے سال 2016 کے ایک ایف آئی آر میں عبدالرزاق وانی (اس وقت کے برانچ منیجر بی سی سی بی حاجن) اور غلام احمد شاہ (اس وقت کے کلرک بی سی سی بی حاجن) کے خلاف آر پی سی کے دفعات468, 471, 409, 120B اور 201 میں مبینہ ملوث ہونے پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بانڈی پورہ کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔
بیان میں کہا گیا: ‘کواپریٹیو سوسائٹیز جموں و کشمیر کے رجسٹرار سے ایک مواصلت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ بارہمولہ سنٹرل کواپریٹیو بینک لمیٹڈ کے کچھ افسروں اور عہدیداروں نے بے ایمانی اور دھوکہ دہی کے ساتھ مختلف بینک شاخوں سے بھاری عوامی رقم کو غبن کیا ہے’۔
بیان کے مطابق اس پر سال 2016 میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
سی بی کے بیان میں کہا گیا: ‘تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ عبدالرزاق وانی نے اپنے کلرک غلام احمد شاہ کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش کی جس کے نتیجے میں بینک ملازموں نے ڈیپازٹرز کو دھوکہ دیا، مالیاتی دستاویزات اور دیگر ریکارڈ میں جعلسازی کی اور بھاری عوامی رقم کو غبن کیا’۔
بیان کے مطابق تفتیش کے دوران مجرمانہ سازش ثابت ہوئی ہے جو آر پی سی کے دفعات 420,468,471,409, 120B اور 201 کے تحت قابل سزا جرم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں عدالت میں چارج شیٹ (چالان) داخل کی گئی۔