سری نگر، 19 جولائی : جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ میں بھاری بارشوں کے نتیجے میں مکان ڈھہ جانے اور مٹی کے تودے گر آنے سے ہونے والی انسانوں جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا: ‘ کٹھوعہ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والے المناک واقعے، جس میں متعدد افراد کی جانیں تلف ہوئیں اور کئی افراد کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے، کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘بچائو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں میں نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ پسماندگان کو تمام تر ممکن مدد بہم پہنچائیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کریں’۔
بتادیں کہ کٹھوعہ کے بنی علاقے میں بھاری بارشوں کے نتیجے میں دو مکان گر آنے اور مٹی کے تودے گر آنے سے تین افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ کئی افراد ملبے کے نتیجے دب جانے کا خدشہ ہے۔
