سری نگر، 19جولائی:سری نگر کے ہاری پربت اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تیندوے نے لوگوں کا جینا دو بھر کردیا ہے۔بدھ کے روز تبتین پبلک اسکول بادام واری حول ہال میں تیندوے کو دیکھا گیا جس وجہ سے اسکول کو بند کرنا پڑا ۔
اطلاعات کے بعد بادام واری سے متصل تبتین پبلک اسکول ہال میں بدھ کے روز اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب اسکول میں زیر تعلیم طلبا نے تیندوے کو دیکھا۔
معلوم ہوا ہے کہ اسکول میں شور شرابہ اور چیخنے چلانے کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی آس پاس رہائش پذیر لوگ فوری طور پر اسکول احاطے میں پہنچے اوراس ضمن میں وائلڈ لائف اور پولیس کو مطلع کیا۔
عین شاہدین نے بتایا کہ تبتین پبلک اسکول میں لگ بھگ دس منٹ تک تیندوے کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ تیندوے کی موجودگی کے باعث اسکول میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور طلبا کلاس روموں میں سہم کر رہ گئے۔انہو ں نے مزید بتایا کہ انتظامیہ نے فوری طورپر اسکول کو بند کرنے کے احکامات صادر کئے۔
بتادیں کہ گزشتہ روز ہی بادام واری ہاری پربت میں تیندوے کو دیکھا گیا جس کے بعد وائلڈ لائف محکمہ نے جگہ جگہ پھندے نصب کئے ۔تاہم ابھی تک تیندوے کو پکڑنے میں کامیابی نہیں ملی ہے۔