بارہمولہ/20؍جولائی:
ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے آج یہاں ڈاک بنگلہ میں مختلف محکموں کے اَفسروں کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں ضلع میں یوم آزادی۔ 2023ء کی تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اس دن کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں منعقد ہوگی جہاں مہماں خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے جس کے بعد پریڈ کا معائینہ کیا جائے گا۔
میٹنگ میں قومی تقریب کے لئے پنڈال میں کئے جانے والے اِنتظامات بشمول سیکورٹی ، نشستیں ، ٹرانسپورٹیشن ، پارکنگ ، بجلی ، ریفریشمنٹ ، میڈیکیئر ، ایمبولنس کی دستیابی ، فائر ٹینڈروں کی تعیناتی اور صفائی کے اَقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔یہ بھی بتایا گیا کہ جے کے پی ، سی آر پی ایف ، فائر اینڈ ایمرجنسی او ردیگر بینڈ دستے مارچ پاسٹ پیش کریں گے جس کے بعد طلباء کی طرف سے رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا جائے گا۔
محکمہ صحت سے کہا گیا کہ وہ ایمبولنسوں اور میڈکل ٹیمیں جائے وقوعہ پر تعینا ت کریں۔ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل بارہمولہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ مرکزی مقام کی صفائی اور صفائی کو یقینی بنائیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ آفیسر کو قومی ترانے اور ثقافتی پروگرام کے لئے دستے اور طلباء کا اِنتخاب کرنے کی بھی ہدایت دی۔
متعلقہ محکموں سے کہا گیا کہ وہ یوم آزادی کے موقعہ پر سیکورٹی ، صفائی ، نشستوں کے اِنتظامات ، بیر یکیڈنگ ، پانی کی فراہمی ، بجلی کی فراہمی ، دعوتی کارڈ کے اجرأ اور اہم عمارتوں کی چراغاں وغیرہ سے متعلق مناسب اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔
مزید برآں، ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے تمام اَفسروں پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات کے احسن اور کامیاب اِنعقاد کے لئے ہم آہنگی اور باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور منظور احمد رینہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ظہور احمد رینہ ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایم یوسف ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ، ایس ڈی ایم کے علاوہ پولیس ، سی آر پی ایف کے دیگر اَفسران موجود تھے۔
