بارہمولہ، 25 جولائی : جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ 2 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملی ٹنٹوں کی نقل و حمل کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اور فوج کی 29 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے بس اسٹاپ چک تاپر کے نزدیک ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دو مشکوک افراد جو چک تاپر سے مین روڈ کریری کی طرف آ رہے تھے، نے سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم دونوں کو دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا: ‘تلاشی کے دوران ان (گرفتار شدگان) کی تحویل سے 2 چینی ساخت کے پستول، 2 پستول میگزین، 14 گولیاں، 1 آئی ڈی کارڈ اور ایک آدھار کارڈ کی زیراکس کاپی بر آمد کی گئی’۔
پولیس بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت دائم مجید خان ولد عبدالمجید خان ساکن چک پنجی گام بانڈی پورہ اور عبیر طارق ولد طارق احمد خان ساکن وترنی پھلوان پورہ پنجی گام بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا: ‘تفتیش کے دوران دونوں نے لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ ہونے اور ضلع میں ٹارگیٹ ہلاکتیں انجام دینے کے لئے ہتھیار جمع کرنے کا اعتراف کیا’۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کریری میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
