جموں، 25 جولائی:
بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر منشیات اسمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بناکر ایک پاکستانی در انداز کو گولی مار کرہلاک کر دیا۔
ایک بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایس ایم پورہ پوسٹ کے نزدیک پیر اور منگل کی درمیانی شب بی ایس ایف اہلکاروں نے مشکوک نقل و حمل دیکھی۔
انہوں نے کہا: ‘جب مشتبہ در انداز نے مسلسل وارننگز کی طرف توجہ نہیں دی تو بی ایس ایف جوانوں نے گولی چلائی جس کے نتیجے میں ایک در انداز کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا’۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مہلوک پاکستانی اسمگلر کی لاش کے نزدیک قریب چار کلو وزنی مشتبہ منشیات بی بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔