سری نگر، 27جولائی:
شمالی ضلع بارہ مولہ کے تحصیل کارہامہ میں گرداوار کوپانچ ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ماگام سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے اینٹی کرپشن بیورو میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ پٹواری حلقہ واری پورہ تحصیل کار ہامہ شوکت علی انتخاب کے حصول کی خاطر نو ہزار روپیہ کی رشوت طلب کررہا ہے۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ وہ تحصیل کارہامہ کا رہائشی ہے اوراس نے پنجورہ علاقے میں دس مرلہ زمین کا ٹکڑ ٹکڑا خریدا۔انہوں نے کہاکہ انتخاب کے حصول کی خاطر پٹواری حلقہ واری پورہ تحصیل کارہامہ شوکت علی کے ساتھ رابط قائم کیا تاہم پٹواری نے انتخاب کے لئے دس ہزار روپیہ کی رشوت طلب کی ، گر چہ پٹواری سے منت سماجت کی کہ وہ غریب آدمی ہے اور یہ رقم ادا کرنے سے قاصر ہے لیکن مذکورہ پٹواری نے ایک نہ سنی اور نو ہزارروپیہ ادا کرنے کا تقاضہ کیا اور اس کے لئے 27جولائی 2023کا دن مقرر کیا ۔
اینٹی کرپشن بیورو نے پٹواری کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔اے سی بی کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران پٹواری کو سائل سے پانچ ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں پٹواری سے پانچ ہزار روپیہ کی رقم برآمد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ شوکت علی تحصیل آفس کارہامہ میں گرداوار کے بطور تعینات ہے اور اسے پٹواری حلقہ واری پورہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
