سرینگر/ آکاشوانی سری نگر نے ہندوستانی فوج اور ضلع انتظامیہ کپواڑہ کے اشتراک سے آج ایل او سی کیرن میں دریائے کشن گنگا کے کنارے ہندوستان کی G-20 صدارت کی یاد میں ایک پہاڑی میوزک شو کا انعقاد کیا۔شو میں ضلع کپواڑہ کے نامور گلوکاروں کی پرفارمنس پیش کی گئی۔طارق پردیسی اور مسرت ناز سمیت نامور موسیقاروں کی شاندار پرفارمنس سے سامعین محظوظ ہوئے۔ شو کے دوران مقامی سکولوں کے طلباء نے رقص اور گانا بھی پیش کیا۔
ایل او سی کے دوسری طرف سے بھی لوگوں نے شرکت کی اور شو سے لطف اندوز ہوئے۔مقصود احمد، پروگرام ایگزیکٹیو آکاشوانی سری نگر، نے اس تقریب کے بارے میں بصیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے آکاشوانی سری نگر کی طرف سے جاری آزادی کا امرت مہوتسو کے بارے میں لوگوں کو مشغول کرنے اور آگاہ کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی، جو ہمارے ملک کی آزادی کی جدوجہد اور ہندوستان کی G-20 صدارت کی یاد میں ہے۔
اس موقع پر معروف ہندوستانی شاعر ساگر پنڈت نے اسٹیج پر اپنی شاعری پڑھ کر سنائی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔جی او سی، گریش کالیا نے اپنی تقریر میں کیرن جیسے سرحدی علاقوں میں ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے میں فوج کی کوششوں کا ذکر کیا۔عوامی خطیب اور شاعر، ڈاکٹر عبدالحفیظ مسعودی جن کا تعلق اسی علاقے سے ہے، نے اپنی تقریر میں کیران گاؤں کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایل او سی کے قریب مختلف قسم کے پروگرام کے انعقاد پر فوج اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
