جموں،30جولائی:
جموں وکشمیر کے ادھم پور ضلع میں اتوار کی صبح پولیس حراست میں ایک نوجوان کی موت وا قع ہوئی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ نوجوان نے سینے میں درد کی شکایت کی اور فوراً اس کو نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
معلوم ہوا ہے کہ احتجاج کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں مجسٹریل انکوائری کے احکامات صادر کئے۔اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے راتھیان گاوں کے رہنے والے دلیپ سنگھ کی پولیس حراست میں موت واقع ہونے کے بعد لواحقین نے احتجاج کیا اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کافی دیر تک سڑک پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔ اس دوران پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے گی۔
پولیس کے سینئر آفیسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی مجسٹریل تحقیقات کرنے کے احکامات صادر در کئے گئے اور اگر کوئی ملوث پائے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پر امن طورپر منتشر ہوئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس لاک اپ میں نوجوان نے سینے میں درد کی شکایت محسوس کی جس کے بعد اس ک کو فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان کو احتیاطی طورپر حراست میں لیا گیا تھا اور اسے لاک اپ کے اندر تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا ہے ۔