سری نگر، 31 جولائی:
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ اگر جموں و کشمیر کے لوگ متحد ہوجائیں گے تو بی جے پی کو سفید جھنڈا اٹھانا پڑے گا انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کو یہ غلط فہمی ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو ہندو مسلم کے نام پر لڑایا جا سکتا ہے۔موصوف وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں پارٹی کے 24 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ورکروں سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘اگر جموں و کشمیر کے لوگ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، گجر بکروال متحد ہوجائیں گے تو بی جے پی کو سفید جھنڈا اٹھانا پڑے گا ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی کو یہ غلط فہمی ہے کہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو ہندو مسلم کے نام پر لڑایا جا سکتا ہے ‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی کو اس لئے نہیں بنایا گیا کہ مرحوم مفتی محمد سعید وزیر اعلیٰ بن جائیں۔انہوں نے کہا: ‘پی ڈی پی کو اس لئے نہیں بنایا گیا کہ مفتی محمد سعید وزیر اعلیٰ بن جائیں بلکہ اس کو جموں و کشمیر کے تشخص کے لئے بنایا گیا ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم جمہوری نظام کے تحت کشمیر کے مسئلے کا حل بننا چاہتے ہیں نہ جموں و کشمیر کی پرابلم بننا چاہتے ہیں ‘۔انہوں نے کہا کہ مفتی سعید کے دور اقتدار میں ہی ایڈوانی – حریت بات چیت ہوئی اور سری نگر – مظفر آباد روڈ کو دوبارہ کھول دیا گیا۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ یہاں بی ڈی سی اور پنچایتی انتخابات ہوں گے ہمیں ان میں جگہ حاصل کرکے لوگوں کی خدمت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی دعوے کر رہی ہے کہ یہاں سب کچھ ٹھیک ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘اگر بی جے پی واقعی یہاں امن چاہتی ہے تو اس کو واجپائی جی پالیسی اختیار کرنی ہوگی ‘۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کے دور اقتدار میں جموں و کشمیر میں دونوں مفاہمت اور ترقی کے محاذوں پر نمایاں پیش رفت ہوئی۔
انہوں نے کہا: ‘میرے والد اقتدار کے بھوکے نہیں تھے بلکہ وہ جموں و کشمیر کو مسائل کے دلدل سے باہر نکالنا چاہتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اقتدار کے بھوکے ہوتے تو انہیں مخلوط حکومت بنانے میں تین ماہ نہیں لگ جاتے۔
کشمیری مہاجر پنڈتوں کے لئے جموں و کشمیر اسمبلی میں سیٹیں نامزد کرنے پر حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘کشمیری پنڈتوں کے لئے اسمبلی میں سیٹیں نامزد کرنے کے لئے ایک پرویژن رکھا گیا ہے ہمت ہے تو ان کے لئے سٹیں ریزرو رکھیں ہم ان کے حق میں ووٹ ڈالیں گے جس طرح ہم نے پیارے لال ہنڈو، منوہر کول، ڈی پی دھر وغیر کے لئے کیا ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘سکھ برادری کے لئے ایسا نہیں کیا گیا میں ان کی شکر گذار ہوں جو ہمیشہ کشمیر میں ہمارے ساتھ رہے۔