سری نگر، یکم اگست : آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کی ایک وفد نے منگل کے روز سٹیٹ الیکشن کمشن کے دفتر میں ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں انہوں نے جموں وکشمیر میں تین سطحی پنچایتی راج نظام کے انتخابات بیک وقت منعقد کروانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وفد کے ایک نمائندے نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج سٹیٹ الیکشن کمشن کے دفتر میں ایک میمورنڈم پیش کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہمارا مطالبہ ہے کہ جموں وکشمیر میں آنے والے تین سطحی پنچایتی راج نظام کے انتخابات بیک وقت منعقد ہونے چاہئے’۔ان کا کہنا تھا: پہلے یہاں حالات ٹھیک نہیں تھے جس کی وجہ سے یہ انتخابات الگ الگ منعقد کئے جاتے تھے’۔
ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں پنچایتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آخر یا سال آئیندہ کے آغاز میں پنچایتی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پیر کے روز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب میں ان انتخابات کے حوالے سے کہا: ‘ یہاں بی ڈی سی اور پنچایتی انتخابات ہوں گے ہمیں ان میں جگہ حاصل کرکے لوگوں کی خدمت کرنی چاہئے’۔
