سری نگر، 4 اگست : جموں وکشمیر پولیس نے بارہمولہ میں دو الگ الگ مقامات پر ناکہ چیکنگ کے دوران 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او پٹن محمد نواز کی نگرانی میں پلہالن موڑ پر چیکنگ کے دوران ایک منشایت فروش کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ پلہالن کی طرف آ رہے اس منشیات فروش نے گرچہ پولیس ناکہ کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت مدثر احمد وانی ولد منظور احمد وانی ساکن رائے پورہ پلہالن کے بطور ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 145 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
منشیات کے خلاف ایک اور کارروائی کے دوران بارہمولہ پولیس کی ایک ٹیم نے ڈی ایس پی ہیڈکواٹرز الطاف احمد کی نگرانی میں زنڈ فرن شیری میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ منشیات فروش علاقے میں گھوم رہا تھا اور پولیس کو دیکھتے ہی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت وسیم احمد شیخ ولد عبدالمجید شیخ ساکن ہیون کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 56 سپاسمو پراکسیون کیسپول بر آمد کئے گئے جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن شیری اور پولیس اسٹیشن پٹن میں مقدمے درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔