راجوری: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں دوسرے روز بھی سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔ سرحدی ضلع راجوری کے خواص علاقے میں گزشتہ روز انکاؤنٹر میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوا تھا۔ راجوری میں اب بھی فوجی کارروائی جاری ہے۔ علاقے کو سیل کر کے سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم میں بھارتی فوج کے پیرا کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔ اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خواص علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے علاقے میں محاصرہ کرکے تلاشی مہم چلائی۔
سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کے دوران وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔ اس دوران تصادم میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ علاقے میں کتنے عسکریت پسند پھنسے ہوئے ہیں۔ ہلاک عسکریت پسند کی پہچان نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار اگست کو ضلع کولگام کے منزگام ہالن میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپ ہوئی، جھڑپ میں تین فوجی اہکار زخمی ہو گئے تھے تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
