بڈگام : ’’جموں و کشمیر میں تقریباً سو فیصد آبادی دفعہ 370کے حق میں ہے اور اس کی منسوخی کے خلاف سبھی افراد ایک ہی صف میں شامل ہیں۔ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے سب سے پہلے سپریم کورٹ میں اس کی منسوخی کے خلاف عرضی دائر کی تھی۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر سجاد غنی لون نے پارٹی کنونشن کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
قبل ازیں، پیپلز کانفرنس کی جانب سے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے یاریکھا علاقے میں ایک کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں پارٹی کے سینئر لیڈران سمیت مقامی باشندوں نے بھی شرکت کی۔ کنونشن کے حاشیہ پر سجاد غنی لون نے کہا کہ ان کی پارٹی نے سب سے پہلے دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف عرضی دائر کی تھی اور عدالت عظمیٰ میں جاری سماعت کے دوران محمد اکبر لون کے نمائندے وکیل کپل سبل اور ایک این جی او کے وکیل کے بعد پیپلز کانفرنس کے وکیل بھی اپنے دلائل، نکات پانچ رکنی آئینی بیچ کے سامنے رکھیں گے۔
370کی منسوخی کی چوتھی برسی کے موقع پر خوشی منائے جانے کے حوالہ سے سجاد غنی لون نے کہا: ’’سو سے بھی کم افراد اگر خوشی منائیں تو یہ کوئی بڑی بات نہیں۔ دفعہ 370کے حوالہ سے جموں و کشمیر کی تقریباً سو فیصد آبادی کے جذبات و احساسات یکساں اور بالکل بھی مختلف یا متصادم نہیں، تاہم اس کی منسوخی کے خلاف احتجاج کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔‘‘