سری نگر، 29 اگست :
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں گذشتہ 6 روز سے لاپتہ ایک انجینئر کی لاش منگل کی صبح گنتمولہ میں لوئر جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کے ایک بیراج سے بر آمد کی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ میں اپنے گھر سے 6 روز سے لاپتہ گرمیت سنگھ جو اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر تھا، کی لاش کو منگل کی صبح گنتمولہ میں لوئر جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کے ایک بیراج سے بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ انجینئر کے لاپتہ ہونے کے بعد پولیس اور دیگر ایجنسیوں نے اس کی وسیع پیمانے پر تلاش شروع کی تھی اور عوام سے بھی اس سلسلے میں مدد طلب کی گئی تھی۔
دریں اثنا پولیس نے لاش کو طبی وقانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس انجینئر کی موت واقع ہونے کی وجوہات معلوم کر رہی ہے۔