سری نگر: ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کشمیر وجے کمار نے 62 روزہ شری امرناتھ جی یاترا کے پر امن اختتام پر تمام متعلقین خا ص طور پر اہلیان وادی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بتادیں کہ چھڑی مبارک کے محافظ مہنت دیپندرا گری کی قیادت میں انجام دی گئی آخری پوجن کے ساتھ ہی اب تک کی طویل ترین شری امر ناتھ جی یاترا 31 اگست جمعرات کو بحسن و خوبی اور پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔
اس سالانہ یاترا کے پر امن طریقے سے اختتام ہونے پر اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کرکے کہا: ‘میں 62 روزہ شری امرناتھ جی یاترا کے اختتام ہونے پر تمام متعلقین بالخصوص وادی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سال 2023 کی اس یاترا کے پر امن اور بغیر کسی خلل کے انعقاد کو یقینی بنایا’۔
قابل ذکر ہے یکم جولائی سے شروع ہونی والی اس طویل یاترا کے دوران 22 اگست تک پونے پانچ لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا جبکہ سال گذشتہ کل صرف 3 لاکھ 60 ہزار یاتریوں ہی پوتر گھپا کے درشن سے شرفیاب ہوئے تھے۔
یاتریوں کے تحفظ کو یقینی جموں سے پوتر گھپا تک ہزاروں کی تعداد میں سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی اور یاتریوں کی دیگرسہولیات کے لئے بھی تمام تر ضروری اقدام کئے گئے تھے۔