سرینگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے دو ہفتوں کے موسم کو فصل کٹائی کے موافق قرار دیا ہے۔متعلقہ محکمے کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے دو ہفتوں کے دوران موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ رواں کے وسط تک بارشوں کی کمی جاری رہنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاوہ ازیں جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں مانسون کی صورتحال کمزور رہنے کا بھی امکان ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے اس موسم کو فصل کٹائی، مہم جوئی اور دیگر بیرونی سرگرمیوں کے لئے موزوں قرار دیا۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں دھان سمیت دیگر فصلوں کی کٹائی کا سیزن شروع ہونے والا ہے۔ وہیں اخروٹ، سیب، ناشپاتی اور دیگر میوہ جات کو بھی درختوں سے اتارنے کا عمل جاری ہے۔ وادی کشمیر میں دھان کی فصل کی کاشت عرصہ دراز سے کی جا رہی ہے۔ ماہِ ستمبر کے درمیان میں ہی وادی میں یہ فصل پک کر تیار ہوتی ہے جس کے بعد روایتی انداز میں درانتی سے فصل کی کٹائی کی جاتی ہے۔