بڈگام:لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ریشی پورہ، بڈگام میں 49.32 کروڑ روپے کی لاگت سے 125 بستروں والے ضلع اسپتال کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر بڈگام کے لوگوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے حوالے سے آج کا دن ہم سب کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 125 بستروں پر مشتمل ہسپتال ایک ہی چھت کے نیچے صحت کی تمام سہولیات حاصل کرنے کے لوگوں کے دیرینہ مطالبہ اور خواب کو پورا کرے گا۔لوگوں کی صحت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور یہ پروجیکٹ چھوٹے شہروں میں صحت کی بہتر سہولیات پہنچانے، صحت عامہ کی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے، تکلیف کو کم کرنے اور سری نگر میں ٹرٹیری ہیلتھ کیئر مراکز کو ریفرل کرنے کے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے شفاف اور ذمہ دار حکمرانی کے قیام کے لیے انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’ہم نے مقررہ مدت کے اندر پراجیکٹس کی تیزی سے تکمیل کے سلسلے میں گزشتہ تین سالوں میں ایک طویل فاصلہ طے کیا ہے اور لوگوں کی امنگوں اور انتظامیہ کی طرف سے لگن اور عزم کے ساتھ فراہمی کے درمیان فرق کو ختم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم کی رہنمائی میں یو ٹی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے کہ امتیازی سلوک اور بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیاں عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاشرے کے محروم طبقے کو بااختیار بنانے کے مقصد سے مرتب کی گئی ہیں۔