سرینگر 25ستمبر:
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے کور گروپ کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال اور آنے والے چناو کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے سینئر عہدیداروں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جگل کشورشرما، رویندر رینا، اشوک کول، کوریندر گھپتا، ڈاکٹر نرمل سنگھ کے علاوہ دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ میں بی جے پی کو مزید مضبوط کرنے کی خاطر کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے حوالے سے بھی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈروں کے درمیان گفت وشنید ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران بھاجپا کے سینئر لیڈروں نے جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال کے بارے میں وزیر داخلہ کو آگاہی فراہم کی ۔ میٹنگ کے دوران بھاجپا لیڈران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھیں تاکہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار کامیابی کے جھنڈے گارڈ سکے۔