سرینگر /25ستمبر:
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہا ہے کہ جموں کشمیر پولیس کی امن کی خاطر دی گئی قربانیاں ہمیشہ یادرکھی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ آج جو جموں کشمیر میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کا دور ہے وہ فوج کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر پولیس کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے حالات کو معمول پر لانے میں اہم رول اداکیا ہے ۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے پولیس افسر مکیش سنگھ اور انو پما پانڈے کی تحریر کردہ کتاب ‘ کرس آف دی پیر’ کی رسم رونمائی انجام دی۔ غور طلب ہے کہ مکیش سنگھ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی ( جموں کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس موقعے پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس کی امن میں رول کی بات کرتے ہوئے بتایاکہ جموں کشمیر میں امن وقانون کی بالادستی میں پولیس نے جو رول اداکیا ہے و ہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایل جی نے بتایا کہ جموں کشمیر پولیس نے فورسز اور فو ج کے ساتھ ملکر کام کیا اور اب تک سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے اپنی جان دی تاکہ ملک کی سالمیت کو کوئی نقصان نہ پہنچے ۔ ایل جی نے مزید بتایا کہ آ ج جو جموںکشمیر میں امن و قانون کی صورتحال ہے اور جو ترقی اور خوشحالی کا دور چل رہا ہے اس میں پولیس کا اہم رول ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ایک طرف پولیس جرائم کے خلاف برسر پیکار ہے تو دوسری طرف سماجی طور پر اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے پیر کے روز ‘ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میں نے شری مکیش سنگھ اے ڈی جی پی جموں اور انوپما پانڈے کی تحریر کردہ ایک بہترین نئی کتاب ‘کرس آف دی پیر’ کو اجرا کیا۔ان کا اپنے پوسٹ میں مزید کہنا تھا کہ سچے واقعات سے اثر پذیر یہ کتاب ہمارے پولیس افسران کی لگن کی ایک قوت بخش کہانی ہے اور قوم کے لئے ان کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کتاب اور مصنف کی کامیابی کے لئے دعا کی۔