کلکتہ31جنوری :
مالدہ ضلع میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راہل گاندھی کی کار پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا ہے راہل گاندھی بہار کے کٹیہار ضلع سے مالدہ میں داخل ہوئے ہیں کار میں سوار ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ کالی گاڑی پر کسی نے اینٹ سے حملہ کیا اس کی وجہ سے شیشہ ٹوٹ گیا ۔بنگال میں راہل گاندھی کو یاترا کے دوران مختلف مسائل پیش آرہے ہیں بنگال میں یاترا پہنچنے کے بعد سے ہی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔کوچ بہار میں راہل گاندھی کو یاترا کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔دراصل بنگال حکومت کا دعویٰ ہے کہ چوں کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی شمالی بنگال کے دورے پر ہیں اس لئے راہل گاندھی کو سرکاری گیسٹ ہائوس فراہم نہیں کئے جارہے ہیں ۔
کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مرشد آباد ضلع میں یاترا کے داخل ہونے کے بعد اسٹیڈیم میں کھانے کے انتظامات کیلئے اجازت طلب کی گئی تھی مگر انتظامیہ نے اجازت نہیں دی۔کانگریس کا دعوی ٰ ہے کہ نہ صرف انتظامیہ کی طرف عدم تعاون کا سامنا ہے بلکہ راہل گاندھی کے پوسٹر اور بینر بھی ہٹائے جارہے ہیں ۔
دوسری طرف کانگریس کے ترجمان جے ارام رمیش نےیہ واقعہ پیش آنے کے بعد پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا رواں دواں ہیں اور ہم اس یاتراکے ذریعہ عوامی مسائل کو اٹھارہے ہیں ۔تاہم انہوں نے راہل گاندھی کے کار پر حملہ سے متعلق کچھ بھی نہیں کہا۔ کنہیا کمار نے مودی حکومت کو بھی مختلف امور پر تنقید کی۔ انہوں نے ملک میں بے روزگاری اور تعلیمی مسائل پر بات کی ۔کنہیا کمار نے بھی راہل گاندھی کی یاترا سے متعلق کچھ نہیں کہا۔
