سونہ مرگ/ 18؍فروری:
سونہ مرگ سرمائی کھیلوں میں اَپنے پہلے قومی سطح کے ایونٹ آٹھویں قومی سنو شو چمپئن شپ 2024 ء کی میزبانی کی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ یہ خوبصورت پہاڑی ریزورٹ کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے کیوں کہ چمپئن شپ کے گزشتہ ایڈیشن روایتی طور پر مشہور سکی ریزورٹ گلمرگ میں منعقدہوا تھا۔
چمپئن شپ کے آٹھویں ایڈیشن کا انعقاد جموں وکشمیر سنو شو فیڈریشن نے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور سونہ مرگ کی ہوٹلیئرز ایسوسی ایشن جیسے اہم شراکت داروں کے اشتراک سے کیا ہے۔
اِس تقریب کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی فاروق احمد بابا اور جنرل سیکرٹری سنو شو ایسوسی ایشن جموںوکشمیر ڈاکٹر الطاف الرحمان کی موجودگی میں کیا۔
تین روزہ چمپئن شپ میں ہندوستان کی 13 ریاستوں کی نمائندگی کرنے والے زائد اَز 200 کھلاڑی مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مختلف خطوں کے کھلاڑیوں کا یہ اجتماع چمپئن شپ کی قومی اہمیت پر مزید زور دیتا ہے اور سونہ مرگ میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو اُجاگر کرتا ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنرنے سونہ مرگ میںچمپئن شپ کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی ترقی کو فروغ دینے اور ہیلتھ ریزورٹ کے روشن مستقبل کے امکانات کو بڑھانے کی صلاحیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ سرمائی مہینوں میں سونہ مرگ آنے والے سیاحوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔
سی اِی او سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی نے سونہ مرگ کی ہوٹلیئرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے مہمان کھلاڑیوں اور دیگر سیاحوں کے لئے طعام و قیام کی سہولیات فراہم کرکے اس ایونٹ کو ممکن بنایا۔
فاروق احمدبابا نے دیگر ریاستوں اور یوٹیز کے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ سرمائی موسم کے دوران سونہ مرگ کا دورہ کریں۔
