کولگام/ 18؍فروری:
ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر خان نے برف ہٹانے اورمشینری کی دستیابی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے آج میکنیکل فیلڈ سب دویژن کولگام کا دورہ کیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوران برف ہٹانے والی مشینوں کی دستیابی ، برف صاف کرنے کے منصوبے اور کنٹرول روموں کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اے اِی اِی میکنیکل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو مشینری کی دستیابی کے بارے میں جانکاری دی اوراُنہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کے پاس 24 مشینیں موجود ہیں جن میں 2 سنو کٹر بھی شامل ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ چولگام کولگام اور بٹی پورہ میں برف صاف کرنے کے کنٹرول روم قائم کئے ہیں اور محکمہ 554 کلومیٹر طویل سڑک کو 377 کلومیٹر ترجیح اوّل اور 177 سڑکوں کوترجیحی ثانی سے صاف کر رہا ہے۔
مشینوں کی پوزیشننگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ نورآباد کے علاقے میں برف ہٹانے کے لئے ڈی ایچ پورہ کنٹرول روم میں 5 مشینیں رکھی گئی ہیں۔
ایک مشین کنڈ کے علاقے کے لئے پہلے سے دستیاب ہے اور چولگام میں 14 مشینیں باقی کولگام کے لئے تیاری کی حالت میں ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سڑکوں سے بروقت برف ہٹانے کو یقینی بنانے کے لئے تمام افرادی قوت اور مشینری کو تیار رکھیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچایا جاسکے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی وقار احمد گیری، اے سی آر مشتاق احمد لون اور دیگر افسران بھی تھے۔
