سری نگر: جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے پیر کو پارٹی صدر سجاد غنی لون کو شمالی کشمیر سے لوک سبھا کا امیدوار قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق جاری کردہ ایک بیان میں پیپلز کانفرنس کے جنرل سکریٹری عمران رضا انصاری نے کہا کہ یہ فیصلہ گزشتہ2 ہفتوں کے دوران پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کے ساتھ وسیع بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔
انہوںنے کہاکہ بہت خوشی کے ساتھ میں باضابطہ طور پر اعلان کرتا ہوں کہ سجاد لون نے پارٹی کے مطالبے کو مان لیا ہے۔ وہ بارہمولہ پارلیمانی سیٹ سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ عمران رضا انصاری نے کہا کہ پارٹی قیادت ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتی ہے اور اُنہیں یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے فلور پر عوام کے منصفانہ مقصد کی وکالت کرنے والی زبردست تقریریں7 دہائیوں کے تکلیف دہ انتظار کے بعد آخرکار سجاد لون ہی کریں گے۔
