سرینگر: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سرینگر پارلیمانی نشست کے لیے امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لیے آج نوٹیفیکشن کا اجرا کیا ہے۔ سرینگر پارلیمانی حلقہ میں 13 مئی کو عام انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں جس کے لیے سیاسی جماعتیں کافی سرگرم ہوگئی ہیں.
سرینگر حلقہ کے لیے کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسر نے آج نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار 25 اپریل تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں جس کے لیے اوقات کار صبح 11 بجے سے تین بجے ہوگا۔ اور یہ سرینگر کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ریٹرننگ افسر نے بتایا کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 اپریل کو صبح 10:30 بجے سے عمل میں لائی جائے گی۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے 29 اپریل طے کیا گیا ہے۔ جس کے لیے وہ تحریری طور ریٹرننگ افسر کو مطلع کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ سرینگر پارلیمانی حلقہ میں 13 مئی کو انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں۔ اس حلقہ میں پی ڈی پی کے امیدوار وحید پرہ، نیشنل کانفرنس کے آغا روح اللہ اور اپنی پارٹی کے اشرف میر کے مابین مقابلہ ہوگا۔ بی جے پی نے اس نشست پر اب تک کوئی امیدوار نامزد نہیں کیا ہے