سری نگر، 11 مئی:محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران نا موافق موسم کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمے نے کسانوں سے 11 اور 12 مئی کو کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز معطل رکھنے کو کہا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران دریائوں اور جھیل جھرنوں میں شکارہ سواری اور کشتیاں چلانے سے گریز کریں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 12 مئی کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے اور اس دوران تیز ہوائیں بھی متوقع ہیں۔
موصوف ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 13 مئی کو بھی موسم جزی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 14 سے 18 مئی تک موم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 19 اور 20 مئی کو بعد دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے تاہم بعد میں 21 سے 23 مئی تک موسم ایک بار پھر مجموعی طور پر خشک رہنے کا مکان ہے۔
محکمے کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں کسانوں سے 11 اور 12 مئی کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز معطل رکھنے کو کہا اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران دریائوں اور جھیل جھرنوں میں شکارہ سواری اور کشتیاں چلانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کچھ مقامات پر مٹی کے تودے یا چٹانیں کھسک سکتی ہیں اور کہیں کہیں تیز ہوائیں اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
گرمائی دار لحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔