سری نگر،18مئی:
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور شوپیاں اضلاع میں ملی ٹینٹوں کے دو الگ الگ حملوں میں سابق سرپنچ جاں بحق جبکہ دو سیاح زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یانر اننت ناگ میں ہفتے کی شام ملی ٹینٹوں نے جے پور سے تعلق رکھنے والے جوڑے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یانر اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں نے جے پور کے رہنے والے فرح اور اس کے خاوند تبریز ساکن فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دریں اثنا جنوبی ضلع شوپیاں کے ہر پورہ گاوں میں ملی ٹینٹوں نے سابق سرپنچ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شام دیر گئے ہر پورہ شوپیاں میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب ملی ٹینٹوں نے سابق سرپنچ اعجاز احمد شیخ پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
انہوں نے کہاکہ زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس ، آرمی اور سی آر پی ایف نے ہر پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
باوثوق ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹ حملوں کے بعد ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شوپیاں، پلوامہ ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔