نئی دہلی، 18 مئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر دیوالیہ پن کے اقتصادی ایجنڈے کو اپنانے اور اقربا پروری کی پالیسی پر عمل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے۔
سنیچر کی شام مشرقی دہلی کے علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، ‘یہ انتخاب ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کے بارے میں ہے۔ یہ ملک کی معیشت کو ان طاقتوں سے بچانے کا انتخاب ہے جو اپنی اقتصادی پالیسیوں سے ہندوستان کو دیوالیہ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت غریب اور متوسط طبقے کی زندگیوں کو سہل بنانے اور ان کے لیے خوشیاں لانے میں مصروف عمل ہے، لیکن اپوزیشن جماعتیں عوام کے اثاثوں کو چھیننا چاہتی ہیں۔
مسٹرمودی نے کہا کہ یہ انتخاب ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، اس روایت اور سوچ کو شکست دینے کے لیے ہے جس نے سالوں سے اقربا پروری اور کنبہ پروری کو فروغ دے کر نوجوانوں کے مستقبل کو برباد کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسی قوتوں کو شکست دیں جو ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب انہوں نے پانچ چھ دہائیاں قبل اپنا گھر چھوڑ کر زندگی کا سفر شروع کیا تھا تو انہیں نہیں معلوم تھا کہ ایک دن وہ لال قلعہ پر ترنگا لہرائیں گے اور 140 کروڑ ہندوستانی ان کا خاندان بن جائیں گے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ وہ اپنی زندگی نہ صرف اپنے لیے بلکہ ملک کے بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے وقف کر رہے ہیں۔ دہلی کی ترقی کے لیے ان کی حکومت کی طرف سے کیے گئے کام کاج کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جی-20 کانفرنس میں دنیا کے اعلیٰ لیڈران حیران رہ گئے۔ آج دہلی میں بھارت منڈپم اور یشوبومی جیسے جدید کنونشن سینٹرز بنائے جا رہے ہیں اور نیا پارلیمنٹ ہاؤس ہماری شان و شوکت میں اضافہ کر رہا ہے۔
انہوں نے نیشنل وار میموریل اور پولیس میموریل کے قیام کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے کہا، “چاہے وہ دنیا میں کوئی بھی جگہ ہو۔ انفراسٹرکچر سرمایہ کاری لاتا ہے، آج چھوٹے دکانداروں سے لے کر بڑے تاجروں تک سبھی کو فائدہ ہو رہا ہے کیونکہ مرکزی حکومت دہلی کی ہمہ جہت ترقی کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہلی میں ان آتھرائزڈ کالونیوں کو باقاعدہ بنانے کا کام جاری ہے اور کچی آبادیوں کی جگہ مستقل مکانات بنانے کی مہم بھی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متوسط طبقے کے ان دوستوں کو بھاری مالی امداد فراہم کرنے جا رہی ہے جو اپنے گھر بنانا چاہتے ہیں۔
اپوزیشن کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کی چار نسلوں نے دہلی پر حکومت کی لیکن آج اس کے پاس دہلی کی چار سیٹوں پر مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔ کانگریس وہاں بھی نہیں لڑپارہی ہیں، جہاں (نئی دہلی کے علاقے) میں ان کا 10 جن پتھ کا دربار ہے۔
دہلی کی سات سیٹوں پر چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹنگ ہو رہی ہے۔ بی جے پی ان سات سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ کانگریس تین سیٹوں پر اور عام آدمی پارٹی چار سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔