سرینگر 18 مئی :
20 مئی کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے 5 ویں مرحلے کے دوران تقریباً 1737865 رائے دہندگان بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں قائم 2103 پولنگ اسٹیشنوں میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔
چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر کے دفتر سے موصول ہونے والے ایک بیان کے مطابق 1737865 ووٹروں نے پانچویں مرحلے میں اندراج کیا ہے جن میں 875831 مرد اور 862000 خواتین ووٹرز کے علاوہ 34 تیسری صنف کے ووٹرز شامل ہیں ۔ یہاں تقریباً 17128 معذور افراد ہیں اور 100 سال سے زیادہ عمر کے 527 افراد ہیں جو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پانچویں مرحلے میں 4 اضلاع بارہمولہ ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ اور بڈگام کے کچھ حصوں میں تقریباً 2103 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ پریزائیڈنگ آفیسرز سمیت انتخابی عملہ ہر پولنگ اسٹیشن پر تعینات رہے گا ۔ پولنگ کے روز ریزرو سمیت مجموعی طور پر 8000 سے زائد پولنگ عملہ ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا اس کے علاوہ کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع میں 28 سرحدی پولنگ اسٹیشن ہیں ۔
مواصلات میں مزید کہا گیا کہ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہو گی اس کے علاوہ ووٹنگ شام 6 بجے کے بعد بھی جاری رہے گی اگر ووٹروں کی قطار پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے موجود ہے ۔
ہر پولنگ اسٹیشن میں پینے کا پانی ، بجلی ، بیت الخلاء ، ریمپ ، فرنیچر ، برآمدہ /شیڈ کے علاوہ ضرورت مندوں کو وہیل چئیر بھی فراہم کی جائیں گی ۔
خواتین کے زیر انتظام 18 پولنگ بوتھ ہوں ( جنہیں گلابی پولنگ اسٹیشن بھی کہا جاتا ہے ) ، 17 پولنگ بوتھ خصوصی طور پر معذور افراد اور 18 نوجوانوں کے زیر انتظام ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی خدشات کے بارے میں پیغامات پھیلانے کیلئے 21 گرین پولنگ اسٹیشن ہوں گے ۔
ووٹرز کی شناخت میں سہولت فراہم کرنے اور ووٹر ٹرن آؤٹ ریشو بڑھانے کے مقصد سے تمام ووٹرز کو ووٹر کی معلوماتی سلپ فراہم کی گئی ہے ۔ نیز شہری ووٹر ہیلپ لائن ایپ ( وی ایچ اے ) کے ذریعے پولنگ اسٹیشن ، پارلیمانی حلقہ کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں اور بوتھ لیول آفیسر ، الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر سے رابطہ کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں ۔
انتخابی تصویری شناختی کارڈ ( ای پی آئی سی ) کے علاوہ ووٹر کی تصدیق اور اسے ووٹ دینے کیلئے 12 قسم کے دستاویزات کی بھی اجازت ہو گی ۔ ووٹنگ کیلئے ای پی آئی سی کارڈ لازمی نہیں ہیں ۔ مطلوبہ دستاویزات میں آدھار کارڈ ، منریگا جاب کارڈ ، تصویر کے ساتھ پاس بُک ، وزارت محنت کی اسکیم کے تحت جاری کردہ ہیلتھ انشورنس اسمارٹ کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس ، پین کارڈ ، این پی آر کے تحت آر جی آئی کء ذریعے جاری کردہ سمارٹ کارڈ ، ہندوستانی پاسپورٹ ، پینشن دستاویز شامل ہیں ۔
دستاویز میں مزید کہا گیا کہ پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے 600 سے زائد صحافیوں اور کیمرہ مینوں کو ووٹ کی رازداری پر سمجھوتہ کئے بغیر اور جمہوری عمل میں کسی قسم کی تکلیف کے بغیر پولنگ کے عمل کو کوور کرنے کیلئے پاس فراہم کئے گئے ہیں ۔
مواصلات میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تازہ ترین ہدایات کے مطابق کشمیر ڈویژن کے تارکین وطن ووٹروں کیلئے خصوصی پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ جموں میں 21 ، دہلی میں 4 اور اودھمپور ضلع میں 1 پولنگ اسٹیشنوں کے ساتھ کل 26 خصوصی پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ خصوصی پولنگ اسٹیشن کے حساب سے ایکسٹریکٹ ووٹر لسٹ بی ایل او کے پاس ہو گی ۔