سری نگر:وسطی ضلع گاندربل کے پیر پورہ کچن علاقے میں نامعلوم افراد نے دکاندار پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی سہ پہر چار بجے کے قریب گاندربل کے پیر پورہ کچن علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب نامعلوم افراد نے دکاندار پر کسی تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ دکاندار کو علاج ومعالجہ کی خاطر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
متوفی کی شناخت 31سالہ فیاض احمد ڈار ولد غلام حسن ڈار ساکن پیر پورہ کچن کے بطور ہوئی ہے۔
جوں ہی دکاندار کو قتل کرنے کی خبر پیر پورہ کچن علاقے میں پھیل گئی تو مقامی لوگ اور لواحقین سڑکوں پر نکل آئے اور نعرے بازی شروع کی۔
مظاہرین قاتل کو فوری طورپر گرفتار کرنے اور اسے پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
قتل کی اس سنسنی خیز واردات کے بعد گاندربل کے پیر پورہ کچن علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ سہ پہر چار بجے کے قریب دکاندارپر حملہ کیا گیا، گرچہ اسے علاج ومعالجہ کی خاطر صورہ لے جایا گیا تاہم وہ وہاں پر دم توڑ گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے اور بہت جلد اس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔